نیویارک،29مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم اپنے کپتان لیونل میسی پر چار میچوں کی پابندیعائد ہونے کے چند گھنٹے بعد ایک اہم میچ میں بولیویا کے ہاتھوں دو گول سے شکست کھا گئی ہے۔اس شکست کے نتیجے میں ارجنٹائن کی ٹیم ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے ازخود کوالیفیکیشن سے بھی محروم ہو گئی ہے۔جنوبی امریکہ کے ورلڈ کپ کوالیفائنگ مرحلے میں ارجنٹینا اب بولیویا سے شکست کھانے کے بعد پانچویں نمبر پر چلی گئی ہے۔اس گروپ سے چار بہترین ٹیمیں ہی روس میں فٹبال کے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی جبکہ پانچویں ٹیم کو اوشیانیا گروپ کے فاتح سے پلے آف میچوں میں مقابلہ کرنا ہوگا۔میسی پابندی کی وجہ سے کوالیفائنگ راؤنڈ میں برازیل، یوراگوائے اور وینزویلا کے خلاف میچوں میں بھی اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔
لیونل میسی پر جمعرات کو ارجنٹینا اور چلی کے درمیان میچ کے دوران ایک اسسٹنٹ ریفری کو ’’نازیبا کلمات‘‘ کہنے کی پاداش میں پابندی لگائی گئی، اس میچ میں ارجنٹینا نے 1۔2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔اس میچ کا واحد گول میسی نے ہی کیا تھا اور میچ کے دوران فاؤل قرار دیے جانے پر انھوں نے اسسٹنٹ ریفری پر اپنے غصے کا اظہار ہاتھ کے اشاروں اور چلاتے ہوئے کیا تھا۔29 سالہ سٹرائیکر پر 8100 برطانوی پاؤنڈ کا جرمانہ بھی کیا گیا ہے تاہم ارجنٹائن نے اس پابندی اور جرمانے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔